Select Language


خطابت وصحافت

طلبہ میں بیان و خطابت اور انشا پردازی و مضمون نگاری کی صلاحیت پیدا کرنے کی غرض سے مدرسہ میں عربی،اردو وانگریزی زبان و ادب کے ساتھ ساتھ بنگال وآسام کے طلبہ کے لیے بھی ان کی مقامی زبان میں خطابت کی مشق کا سلسلہ قائم ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ تجوید و قراء ت وحفظ کی انجمنیں بھی ہر ہفتے باقاعدہ نظم کے ساتھ قائم ہوتی ہیں، جن کا کچھ تذکرہ درج ذیل ہے۔

(۱) النّادی الادبی العربيّ:
نبیّ عربی ﷺ اور قرآنِ مقدس کی زبان میں عملی مشق و تمرین اور کمال پیدا کرنے کے لیے اس عربی انجمن کا قیام اب سے تقریباً بیس سال پہلے عمل میں آیا۔ اس میں صرف شعبۂ عربی کے طلبہ حصہ لیتے ہیں، اس کے ہر مہینے دو پروگرام ہوتے ہیں، جن میں درجات عربیہ کے طلبہ شریک ہوکر عربی تقریر و تحریر میں اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔

(۲) انجمن تہذیب الاخلاق:
طلبہ عزیز کی وہ انجمن ہے جس کی ابتدا مدرسہ ہذا کے قیام کے گیارہ سال بعد ذمے دارانِ مدرسہ نے ۱۳۶۲ھ میں کی تھی، ابتدائی زمانے میں حضرت مولانا محمد حنیف صاحب مرحوم سابق مہتمم مدرسہ خود انجمن کے ہفتہ واری پروگراموں کی نگرانی فرماتے تھے، بعد میں جب طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا تو ان کو حلقہ جات میں تقسیم کرکے نگرانی کا کام اساتذئہ کرام کے حوالے کردیاگیا۔ ہر ہفتے جمعرات کی شام کو بعد مغرب اور بعد عشاء انجمن کے اجلاسات ہوتے ہیں۔ درجاتِ فوقانیہ وعربیہ کے تمام طلبہ کیلئے اجلاسات میں پابندی کے ساتھ شرکت اور تقریر کرنا لازم ہے۔

(۳) انجمن تقویۃ الایمان: (شعبۂ مناظرہ)
مدارس ِ اسلامیہ کے قیام کا مقصد جہاں مسلمانوں میں دینی بیداری پیدا کرنا ہے وہیں اُن کے ایمان وعقائد پر ہونے والے حملہ کا دفاع بھی ہے چناں چہ اسی مقصد کے تحت اس شعبہ میں طلبہ کو فرق باطلہ سے گفتگو کا سلیقہ اور اُن کے جوابات کا طریقہ سکھلایا جاتا ہے نیز ہر ہفتہ جمعرات کو بعد نماز ِ عشا اساتذۂ مدرسہ کی نگرانی میں اس کی مشق کرائی جاتی ہے جس میں طلبہ بڑے ذوق وشوق سے حصہ لیتے ہیں ۔چند سالوں میں ہی بحمدللہ اس کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں ۔

(۴) پیک آف ایلو کوینس:(انجمن انگریزی ادب)
شعبہ کے قیام کے ساتھ ساتھ یہ انجمن بھی دیگر انجمنوں کی طرح شروع کردی گئی تاکہ طلبہ انگریزی زبان میں تقریر وخطابت کی مشق کرکے اس عام زبان میں دینی پیغام مؤثر اندازمیں دوسروں تک پہنچا سکیں۔

(۵) انجمن صوت القرآن:
تجوید کے طلبہ کو آگے چل کر بڑے مجمع میں اسٹیج پر قراء ت کے مراحل بھی پیش آنے والے ہیں ،اس کی تیاری کے لیے ہر ہفتہ بروز بدھ بعد عشا انجمن صوت القرآن کا اجلاس ہوتا ہے ؛تاکہ طلبہ کو ابھی سے مجمع میں حوصلے کے ساتھ قراء ت کی مشق ہوجائے۔

(۶) انجمن تحفیظ القرآن الکریم:
جمعرات میں بعد نماز ِ مغرب متصلاً حفظ کے طلبہ کونماز وغیرہ سے متعلق ضروری اور اہم چیزیں یاد کرانے اور بیان کرنے کی مشق کے لیے چند سالوں سے یہ سلسلہ قائم ہے ،جس کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔

(۷) صحافت:
مضمون نگاری کی مشق وتمرین کے مقصد سے دیواری پرچے اساتذہ کی زیر نگرانی نکلتے ہیں جن میں طلبہ اپنے قیمتی مضامین ہر ماہ شائع کرتے ہیں ،جن سے اُن کو انشا کی مشق بھی ہوتی ہے اور قارئین کرام کے عمدہ مواد بھی ،فی الوقت طلبہ کے مختلف ماہنامے شائع ہوتے ہیں: (۱) ماہنامہ الخادم ، ماہنامہ النادی (عربی زبان)،ماہنامہ الدعوۃ، ماہنامہ الفاروق، ماہنامہ البلاغ، ماہنامہ فکر ِجمیل، ماہنامہ الحنیف، ماہنامہ پیام ِمحمود(اردوزبان) ، ماہنامہ دی وائس آف خادم(انگریزی زبان) ، ماہنامہ ندائے احمد(آسامی زبان)

انجمن کی لائبریری

مدرسہ نے طلبہ عزیز کو علمی و فکری غذا فراہم کرنے اور انھیں تقریر و تحریر میں علمی مواد مہیا کرنے کے لیے الگ سے ایک لائبریری کا بھی انتظام کررکھا ہے، جس میں مختلف علوم و فنون پر مشتمل عربی و اردو زبان میں تقریباً =۷۱۱۱(سات ہزار ایک سو گیارہ) کتابیں موجود ہیں۔طلبہ یہاں سے اپنے اپنے ذوق کے مطابق کتابیں حاصل کرتے رہتے ہیں ،اس کی دیکھ بھال کے لیے مدرسہ کے دو استاذ مقرر ہیں جن کی نگرانی میں کچھ طلبہ کتابوں کی تقسیم وغیرہ کا کام انجام دیتے ہیں۔

Copyright © 2021 Khadimul-Uloom All rights reserved.