جنا ب مولانا محمد انور صاحب ؒ موضع ددھیڑو کلاں ضلع مظفر نگر کے رہنے والے تھے آپ بھی گا ڑہ برادری سے تعلق رکھتے تھے ، آپ کا خاندان برادری کے چند تعلیم یا فتہ خاندانوں میں سے تھا ۔ مولانا تعلیم سے دلچسپی رکھنے والے منتظم المزاج اور نہایت ذی علم شخص تھے ۔آپ کے بڑے بھائی وکیل اشرف علی صاحب مسلم لیگ کے سر گرم کارکن تھے ۱۹۴۷میں آپ کے خاندان کے اکثر لوگ پا کستان چلے گئے تھے ۔
آپ نے ابتدائی تعلیم اپنے وطن مالوف میں پائی ، پھر اعلی تعلیم کے لیے آپ مظا ہر علوم سہارنپور اور دارالعلوم دیوبند تشریف لے گئے ۔ اور دارالعلوم ہی سے آپ نے فراغت حاصل کی ۔
آپ نے فراغت کے بعد بعض جگہوں پر تدریسی خدمات انجام دیں ، پھر ۱۳۵۷ھ سے ۱۳۶۳ مطا بق ۱۹۴۵تک مدرسہ ہذا میں اہتمام کی خدمات انجام دیں ۔مولانا سے پہلے تعلیمی نظام زیادہ اچھا نہ تھا ، مولانا نے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ان تھک محنت کی ۔ آپ کی محنت رنگ لائی اور تعلیمی نظام کا فی بہتر ہوا ۔ پہلے عربی کے درجات نہیں تھے آپ نے با قاعدہ شرح جامی تک عربی درجات قائم کیے ۔ آپ کے زمانہ ٔ اہتمام میں تعمیرات میں بھی کا فی اضا فہ ہوا ۔
آپ ۱۹۴۵میں بلند شہر کے ہائی اسکول میں عربی ،فارسی کے ٹیچر مقرر ہوئے توآپ نے مدرسہ کے اہتمام سے استعفی پیش کردیا ۔ اور سرکاری ملازمت کرنے لگے ۔ ۱۹۸۱میں ریٹایر ہوئے چونکہ آپ کے بیٹے علی گڑھ میں تعلیم پاکر وہیں ملازم ہوگئے تھے اس لیے آپ بھی ملا زمت سے سبکدوشی کے بعد علی گڑھ ہی میں جاکر رہنے لگے تھے اور عمر کا با قی حصہ وہیں گزرا۔
۲۰؍ دسمبر ۲۰۰۷ ۹؍ ذی الحجہ ۱۴۲۸ بروز جمعرات آپ اپنے تمام متعلقین و محبین کو سوگوار کر کے ۲۵:۳ پر اپنے مالک حقیقی سے جاملے ۔ آپ کا جسم مبارک علی گڑھ سے وطن اصلی ددھیڑو کلاں منتقل کیا گیا ۔ اور یہیں آپ ۲۱؍ دسمبر ۲۰۰۷روز جمعہ بعد نماز جمعہ مدفون ہوئے ۔
Copyright © 2021 Khadimul-Uloom All rights reserved.